ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹکا ریاستی سرکاری ملازمین کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کے بعدمیمورنڈم دیا گیا

کرناٹکا ریاستی سرکاری ملازمین کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کے بعدمیمورنڈم دیا گیا

Thu, 02 Jun 2016 20:19:53  SO Admin   ایس او نیوز

بھٹکل2ْ؍جون (ایس او نیوز)کرناٹکا ریاستی سرکاری ملازمین کی ایک روزہ ہڑتال کے پس منظر میں سرکاری ملازمین کی تنظیم کی بھٹکل شاخ کی طر ف سے تحصیلدار دفتر کے سامنے علامتی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔پھر وہاں سے جلوس کی شکل میں چل کر اسسٹنٹ کمشنر کی معرفت حکومت کو میمورنڈم پیش کیا گیا ۔ جس میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ مرکزی سرکاری ملازمین کے مساوی تنخواہیں ، بھتّے اور سہولتیں انہیں بھی فراہم کی جانی چاہیے۔اس موقع پربھٹکل سرکاری ملازمین کی تنظیم کے صدرایم بی نائک نے مظاہرین سے خطاب بھی کیا۔
میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ ریاستی سرکار نے 1966سے2011تک پانچ پے کمیشن،تین بااختیار کمیٹیاں اور منسٹری لیول کی سب کمیٹی قائم کرکے سرکاری ملازمین کی تنخواہو ں کی اسکیل طے کرنے کا کام کرتی رہی ہے۔ مگر ان کمیٹیوں کی طرف سے غیر سائنسی طریقۂ کار اختیار کرنے کی وجہ سے ریاستی سرکاری ملازمین اور مرکزی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں یکسانیت لانے میں وہ ناکام رہی ہیں۔اس سے ملازمین کوہمیشہ معاشی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اور پھر ان کمیٹیوں کی تشکیل بھی مقررہ میعاد میں نہیں ہوتی ہے بلکہ چھ اور سات برسوں میں ایک بار کمیٹیاں تشکیل پانے سے تنخواہوں میں اضافہ وقت کے تقاضے کے ساتھ صحیح طرز پر ہو نہیں پاتا۔منڈیا اور میسور میں منعقدہ سرکاری ملازمین کے ریاستی سطح کے جلسوں میں وزیر اعلیٰ سدارامیا نے ملازمین کے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ بھی کیا تھا۔اس کے علاوہ اسرکاری ملازمین کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران اسے سال2016-17کے بجٹ میں اس کے لئے گنجائش رکھنے کا بھروسہ بھی دلایا تھا۔ لیکن امسال بجٹ میں اس کے لئے کوئی گنجائش نہیں رکھی گئی ہے۔اس لئے مطالبہ کیا گیا کہ جلد سے جلد ملازمین کے مسائل کو حل کیا جائے۔
اس موقع پر سرکاری ملازمین سنگھاکے نائب صدر اننت بھٹکل،ایم این نائک،سکریٹری اومیش کیر کٹے،خزانچی سدھیر گاونکر،کے علاوہ بہت سارے ذمہ داران موجود تھے۔


Share: